ایسٹر پر سکیورٹی کے سخت انتظامات‘حساس گرجا گھروں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات

Apr 10, 2023


لاہور(نامہ نگار)لاہور پولیس نے گزشتہ روز مسیحیوں کے تہوار ایسٹر کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے تھے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور پولیس کے مربوط سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے ایسٹر پر امن گذرا۔ایسٹر کی سکیورٹی پر 6 ایس پیز، 35 ایس ڈی پی اوز، 83 ایس ایچ اوز، 143 اپر سب آرڈینیٹس، 140سے زائد لیڈی پولیس اہلکاروں سمیت لاہور پولیس کے 2 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان تعینات کئے گئے تھے۔انہوں نے ایسٹر پر مسیحی برادری سمیت لاہور پولیس کے تمام مسیحی افسران اور اہلکاروں کو مبارکباد دی۔سی سی پی او لاہور نے ایسٹر پر بھرپور سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات یقینی بنانے پر لاہور پولیس کے افسران اور اہلکاروں کو شاباش بھی دی ہے۔ایسٹر پر شہر میں امن و امان کی فضاءیقینی بنانے کیلئے سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے ڈویژنل ایس پیز،ایس ڈی پی اوز سمیت سینئر پولیس افسران کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے گرجا گھروں،مسیحی آبادیوں،پارکوں اور تفریحی مقامات پر پولیس کے جوان انتہائی الرٹ دکھائی دیئے۔ڈولفن سکواڈ،پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں مسلسل گرجا گھروں اور پارکوں اور مسیحی آبادیوں کے اطراف میں پٹرولنگ کرتی رہیں۔حساس گرجا گھروں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات تھے۔شہر بھر کے تمام داخلی وخارجی راستوں پر تمام مشکوک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو چیک کیا گیا۔گرجا گھروں،پارکوں اور پبلک مقامات پر لاہور پولیس کے اضافی دستے تعینات کئے گئے تھے۔ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس کے جوانوں نے گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں، پارکس اور تفریحی مقامات کے گرد موثر پٹرولنگ کی۔

مزیدخبریں