لاہور(نامہ نگار ) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے سینئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں جبکہ مہنگائی زدہ عوام کو ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز مافیا الگ سے دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے۔اس ساری صورت حال سے بے خبر ہو کر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نہ جانے کہاں مصروف ہیں۔اس وقت شہباز شریف کی حکومت بھی عوام کو مہنگائی اور بے روز گاری سے نجات دلوانے کی بجائے نہ جانے کن ایشوز میں مصروف ہے۔اگر بدترین مہنگائی مافیا کے ہاتھوں عوام کی جان نہ چھڑائی گئی تو قوم کبھی بھی انہیں معاف نہیں کرے گی۔چینی کی قیمتیں بڑھنا اور چینی کا افغانستان سمگل ہو جانا بھی ایک سوالیہ نشان ہے۔سرکاری اداروں بالخصوص محکمہ خوراک کے افسران کہاں سوئے ہوئے ہیں۔ان کی سنگین غفلت پر ان کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔