رمضان تزکیہِ نفس، خود احتسابی ‘غمگساری کا مہینہ :پیر نقیب الرحمن

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے )دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے حضور نبی کریم  ؐ کے صدقے نہایت عظمتوں، رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ رمضان المبارک ر بِ کریم نے ہم پر انعام کیا ہے جس کے دوسرے عشرہ ِمغفرت سے ہم گزر رہے ہیں۔ یہ ماہِ مبارک تزکیہِ نفس، خود احتسابی اور غمگساری کا مہینہ ہے جس میں ہم اپنے اخلاق و کردار کی تعمیر اور اپنے قول و فعل کی تصحیح کر سکتے ہیں ۔ آج ضرورت اس امر کی ہے وطنِ عزیز پاکستان جو اللہ کریم نے اسی ماہِ مبارک میں ہمیں عطا فرمایا،اس کی سلامتی او ر ترقی کے لئے ہم تمام تراختلافات بھلا کر ایک ہو جائیں، تحمل، اخوت، برداشت، رواداری اور مساوات کو فروغ دیں اور بھر پور کوشش کریں کہ اللہ تعالی کا یہ مہمان ماہِ صیام ہم سے راضی ہو کر لوٹے۔ عید گاہ شریف کا ایک ہی مشن ہے دلوں کو عشق و محبت ِرسول کریم  ؐ سے بھرا اور رنگا جائے۔اِس ماہِ مبارک میں ہمیں کوشش اِس امر کی کرنی ہے ہم صاحب ِ تقوی بن جائیں اور اِس ماہ ِمبارک اپنے مفلس، نادار اور غریب مسلمان بھائیوں کی ہر ممکن مدد کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل  سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین  کے لئے خصوصی دعا کی۔

ای پیپر دی نیشن