اسلام آبا د(این این آئی)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پاک فوج اور دیگر اداروں کے خلاف مہم چلانے والے کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق تفتیش میں ملزم واصف کاظمی کا سیاسی پارٹی سے تعلق کا انکشاف ہوا ہے۔ ملزم نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاسی پارٹی اور عادل راجہ سوشل میڈیا مہم چلانے والوں کی پشت پناہی کرتے ہیں،سابقہ خاتون ایم این اے اور عادل راجہ پاک فوج کے خلاف مواد پوسٹ کرنے کیلئے بھیجتے ہیں۔اس نے بتایا کہ عادل راجہ اور مخدوم شہاب الدین سے برطانیہ میں ایک دوست کے ذریعے ملاقات ہوئی۔ عادل راجہ اور سیاسی پارٹی نے ملکی اداروں کے خلاف مہم چلانے کیلئے منظم ٹیم بنا رکھی ہے۔ادھر ایف آئی حکام کے مطابق واصف کاظمی نے عدالت کے سامنے نفرت انگیز مواد شیئر کرنے پر معافی مانگ لی ہے۔