کوہاٹ(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع کوہاٹ کے 3 ہزار خاندانوں کو خالصتاً میرٹ پر 10 ہزار روپے فی خاندان عیدالفطر پیکج دیا جارہا ہے۔اس سلسلے میں باقاعدہ تقریب ڈی سی کوہاٹ کے کیمپ آفس میں منعقد ہوئی جس میں ممبر قومی اسمبلی شہریار آفریدی نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر،تحصیل ناظم گمبٹ ساجد اقبال اور دوسرے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔اسی طرح عیدالفطر پیکج کے تقسیم کی دوسری تقریب تحصیل درہ آدم خیل میں منعقد ہوئی جس میں مذکورہ شخصیات نے مستحقین میں عیدالفطر پیکج تقسیم کی۔شہریار آفریدی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پہلی بار عوام کی اپنی حکومت پورے صوبے میں 1 لاکھ مستحق خاندانوں کو 10 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے بلا امتیاز خالصتاً میرٹ پر عیدالفطر پیکج دے رہی ہے جس کا مقصد معاشرے کے نادار اور غریب طبقے کو بھی عیدالفطر کی خوشیوں میں شریک کرنا ہے۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے اس موقع پر بتایا کہ مکمل چھان بین کے بعد یہ ڈیٹا مرتب کیا گیا ہے اور یہ پیکج حقیقی معنوں میں مستحق افراد کو دیا جارہا ہے. منتخب ارکان نے یقین دلایا کہ انشاء اللہ یہ حکومت معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کو ریلیف دینے کیلئے مزید اقدامات بھی کرے گی اور اس مقصد کیلئے ایک جامع لائحہ عمل تیار کی جا رہی ہے۔موقع پر موجود مستحق لوگوں نے حکومت خیبر پختونخوا کے اس عوام دوست اقدام کو سراہا۔