153 فلسطینی شہید، رفح آپریشن کی تیاری، تاریخ طے

Apr 10, 2024

غزہ ؍ انقرہ (این این آئی+ اے پی پی+ آئی این پی) فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے والے اسرائیل نے رفح میں زمینی حملے کا منصوبہ بنا لیا۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ حملے کی تاریخ طے کر لی ہے جب کہ امریکا سمیت اتحادی بھی 14 لاکھ فلسطینیوں کے مسکن رفح میں زمینی آپریشن کے مخالف ہیں۔ اس حوالے سے حماس رہنما نے کہا کہ رفح میں حملے کی دھمکیوں نے جنگ بندی مذاکرات پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی طیاروں نے کونسل بلڈنگ پر بمباری کر کے مغازی کے میئر سمیت 153 فلسطینیوں کو شہید کر دیا جب کہ الاقصیٰ ہسپتال کے کھنڈرات میں کئی روز سے پڑی  نعشیں نکال لی گئی ہیں۔ 7 اکتوبر سے ستمبر شہداء 33360، 75 ہزار 993 زخمی، غزہ میں 8 ہزار افراد لاپتہ ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ امریکی صدر سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے کا مطالبہ کرنے والے ڈیموکریٹ ارکان کی کانگریس کی تعداد بڑھ کر 56 تک پہنچ گئی۔ اقوام متحدہ میں روس کے نائب  مندو دمتری پولیانسکی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے وہ فلسطین کی اقوام متحدہ میں شمولیت کی حمایت کرے۔ ترک وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا غزہ میں جنگ بندی کے اعلان تک اسرائیل کو بعض مصنوعات برآمد کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے، دوسری طرف اسرائیلی وزیر خارجہ نے تجارتی معاہدوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔ پابندی کا اطلاق 54 اقسام کی مصنوعات پر ہو گا جن میں ایلومینیم، سٹیل مصنوعات ہاؤسنگ، بجلی کے تار، تعمیراتی سامان، ایندھن  شامل ہے۔

مزیدخبریں