لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ خبرنگار) شوال کا چاند نظر آگیا۔ ملک بھر میں عیدالفطر آج بدھ کو عقیدت اور روایتی جوش و خروش سے منائی جائے گی۔ ملک بھر کی عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات ہونگے۔ نماز عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی اور ترقی کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس میں کہا کہ شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ پڑوسی ممالک بھارت اور بنگلہ دیش میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد وہاں عیدالفطر کل جمعرات کو منائی جائے گی۔ صدر زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے عید کے پیغام میں کہا ہے کہ پُرمسرت موقع پر میں پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ مبارک دن ہمارے لیے ڈھیروں برکتیں، خوشیاں ، امن اور سلامتی لائے۔ عید الفطر دوسروں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے اور معاشرے کے محروم طبقات کیلئے ایثاروقربانی کا دن ہے۔ یہ مبارک دن اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم ضرورت مندوں، ناداروں، غریبوں ، یتیموں اور محتاجوں کی بھرپور مدد کرتے ہوئے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں ۔ غزہ و فلسطین کے مظلوم عوام کیلئے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں پوری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ ہم عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ غزہ میں فوری امن اور امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔ اسرائیل کا ظلم ، بربریت اور نسل کشی انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے۔ ہمیں خوشی کے اس موقع پر غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو بھی نہیں بھولنا چاہیے۔ یقین دلاتا ہوں کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان تنازعہ جموں و کشمیر کے اقوام ِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل تک ان کیلئے اپنی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی قوم کو عید کی مبارک باد دی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مسلمانان عالم اسلام اور خاص طور پر پاکستانیوںکو عیدالفطر کے بابرکت اور پرمسرت موقع پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ رمضان کی عبادات قوم میں تقویٖ، نظم و ضبط اور صبروتحمل کی خوبیوں کو فروغ دیتی ہیں۔