لاہور(نامہ گار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہا ہے کہ محکمہ کی خاطر استغاثوں کا سامنا کرنے والے کسی افسر یا اہلکار کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، پیشہ ورانہ فرائض کے دوران قانونی مقدمات کا سامنا کرنیوالے ملازمین کی ہر ممکن سپورٹ کر رہے ہیں، ایسے قانونی مسائل کا شکار پولیس ملازمین کی مدد کیلئے انڈوومنٹ فنڈ میں مزید اضافہ کر رہے ہیں، عدالتی کیسز کا سامنا کرنے والے کسی ملازم کو اب اپنا گھر، زمین، یا بیوی کا زیور نہیں بیچنا پڑیگا،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لیگل کیسز، استغاثوں کا سامنا کرنیوالے پولیس ملازمین کی مالی مدد کیلئے احسن اقدام اٹھایا ہے اورسنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں مختلف اضلاع کے 16پولیس ملازمین کو فرض کی راہ میں بننے والے کیسز پر آنے والے اخراجات کیلئے 64 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم دی ہے، دوران ڈیوٹی بننے والے مقدمات کا سامنا کرنے والے اہلکاروں کو خصوصی لیگل انڈوومنٹ فنڈ سے امداد کی فراہمی جاری ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مقدمات کاسامنا کرنے والے پولیس ملازمین کی مدد کیلئے گذشتہ سال 10کروڑ روپے سے لیگل اندوومنٹ فنڈ قائم کیا تھا،قبل ازیں اس فنڈ سے 20 پولیس ملازمین کو قانونی اخراجات کیلئے 68 لاکھ روپے دئیے جا چکے ہیں۔