کھلاڑی کاکول نہ جاتے تو لڑ پڑتے : وہاب ریاض

Apr 10, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر) سلیکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ سیریز میں روٹیشن پالیسی کے تحت زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا تاکہ مضبوط کامبی نیشن تیار ہوسکے۔ سلیکشن کمیٹی۔سیریز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا حصہ ہے۔سکواڈ میں پہلی بار شامل عرفان خان نیازی نے کہا کہ پہلی بار پاکستان ٹیم میں شامل ہونے کی خوشی ہے ، پوری توجہ بہترین پرفارمنس پر ہوگی۔ ملنے والے موقع سے پورا پورا فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا۔عثمان خان نے کہا کہ اس بات کی خوشی ہے کہ سلیکٹرز نے مجھے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں موقع دیا ہے۔ کسی بھی کھلاڑی کے لیے یہ فخر کی بات ہوتی ہے کہ وہ  ملک کی نمائندگی کرے۔سلیکٹر محمد یوسف نے کہا کہ عثمان اور عرفان نے اپنی عمدہ کارکردگی سے ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔یقین ہے کہ یہ دونوں کھلاڑی کپتان اور سلیکٹرز کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ سلیکٹر وہاب ریاض نے کہا کہ عماد وسیم اور محمد عامر میں میچ وننگ صلاحیتیں موجود ہیں۔آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے یہ سیریز بہت اہم ہے۔ قومی ٹیم کے سلیکٹر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ کاکول نہ جاتے تو شاید کھلاڑی ایک دوسرے سے لڑ پڑتے۔کھلاڑی کے درمیان معاملات کو کلیئر ہونا ضروری تھا، کپتان بدلنے کے بعد بھی ٹیم میں کوئی گروپنگ نہیں ہے۔ ہر کھلاڑی کا مقصد ٹیم کی جیت ہے۔ کپتان اور کوچ کی مشاورت سے ٹیم منتخب کی ہے، تمام کھلاڑی پاکستان کیلئے کھیلیں گے اور جیتیں گے۔

مزیدخبریں