ماڈل ٹاؤن: موٹرسائیکل رکشے کی  ٹکر سے  ٹریفک وارڈن  جاں بحق  

لاہور (نامہ نگار) ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں تیز رفتار موٹر سائیکل رکشے کی ٹکر سے دوران ڈیوٹی ٹریفک وارڈن جاں بحق ہوگیا ہے۔ زخمی وارڈن کو طبی امداد کے لئے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکا اور اس نے کچھ دیر زیر علاج رہنے کے بعددم توڑ دیا ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر کے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ شہید وارڈن علی رضا کے سوگواران میں ماں، بہن، بیٹی اور بیوہ شامل ہے۔ شہید گھر کا واحد کفیل تھا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق وارڈن علی رضا نے ڈیوٹی کے دوران تیز رفتار چنگ چی رکشے کو رکنے کا اشارہ کیا، چنگ چی ڈرائیور نے رکنے کی بجائے سپیڈ بڑھا دی اور وارڈن کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ ادھر  اسلام پورہ میں خاتون کی پراسرار ہلاکت کا معمہ حل ہو گیا۔ مقتولہ انیس بی بی کو اس کے سوتیلے بیٹے امیر حمزہ اور داماد عثمان نے قتل کیا۔ قتل میں ملوث دونوں ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق قتل کیس کی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مقتولہ کے داماد عثمان کے مقتولہ کی بہو انیلہ سے تعلقات تھے۔ داماد عثمان اور بہو انیلہ کے تعلقات کا مقتولہ کو علم ہو گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن