سیاسی، غیر سیاسی عناصر ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں، عوام ساتھ نہیں دیں گے: شہباز شریف

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بیش بہا قربانیوں اورخون کے دریا عبور کر کے معرض وجود میں آیا ہے اور قوم اس سال اپنا 68واں یوم آزادی مناررہی ہے لیکن کس قدر افسوس کی بات ہے کہ پاکستان کی تاریخ کے اس اہم ترین دن یوم آزادی کو  متنازعہ بنایا جا رہا ہے اور وطن عزیز کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔کچھ سیاسی اور کچھ غیر سیاسی عناصر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عوام ان عناصر سے بخوبی آگاہ ہیں اوران کے ملک کو ترقی کے راستے سے ہٹانے کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے مختلف وفود سے ملاقات میں شہباز شریف نے کہا کہ عوام نے عام انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے جس کا احترام کیا جانا چاہئے۔ مسلم لیگ (ن) پارٹی کو دیئے گئے مینڈیٹ کی لاج رکھے گی اور ملک کو تمام مسائل سے نجات دلا کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریگی۔ ہم نے عوام کی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ احتجاجی عناصر کو عوامی خدمت اور عوام کی ترقی اورخوشحالی گوارا نہیںاس لیے وہ ملک کو افراتفری اورمحاذآرائی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں۔ ملک و قوم کی ترقی کے دشمن نہیں چاہتے کہ ملک میں سرمایہ کاری فروغ پائے اورمفادعامہ کے فلاحی منصوبے کامیابی سے ہمکنار ہوں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ اورامن وامان قائم رکھنا ہماری ذمہ داری ہے اورقیام امن کیلئے آئین اورقانون کے مطابق ہر ضروری قدم اٹھایا جائیگا۔ مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے خواتین اور بچوں کو ڈھال بنانا سیاست ہے نہ انسانیت۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ لانگ مارچ اور دھرنے کے پیچھے اصل مقاصد کیا ہیں؟ لانگ مارچ اور دھرنا دینے والے نہیں چاہتے کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ عوام ملک کی ترقی کے خلاف سازشوں کو دفن کردیں گے۔ اربوں روپے کے قرضے معاف کروانے والے آج انقلاب کے نعرے لگارہے ہیں۔ دور آمریت میں پنجاب کے سابق حکمرانوں نے غریب قوم کی محنت کی کمائی کو بے دردی سے لوٹا۔ موجودہ حالات میں ملک کسی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انتشا ر پھیلانے کی کوشش کرنیوالے ملک و قوم کے حال پر رحم کریں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے بھیرہ میں عوامی تحریک کے کارکنوں کے تشدد سے شہید ہونے والے کانسٹیبل فیاض کے لواحقین کیلئے ایک کروڑ روپے مالی امداد زخمی ہونیوالے پولیس اہلکارو ںکے لئے پانچ پانچ لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔ ادھر شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں کاشتکاروں کو سہولتیں دینے، زرعی ٹیوب ویلوں پر بجلی کے بلوں اور کھاد پر سبسڈی کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے معروف ماہر تعلیم انیتا غلام علی کے انتقال پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے ادارہ منہاج القرآن کے کارکنوں کے تشدد کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...