نوازشریف نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا، زرداری سے مشورہ لیں: شوکت بسرا

Aug 10, 2014

لاہور (سید شعیب الدین سے) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور جنوبی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شوکت بسرا نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو اب ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ حکمرانوں نے ظلم  و بربریت کا جو سلسلہ شروع کیا ہے اور جس طرح کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اس سے حالات مزید بگڑیں گے۔ حکمران اگر مسائل کی دلدل سے نکلنا چاہتے ہیں تو سابق صدر زرداری سے مشورہ لیں اور آصف زرداری سے رواداری، تحمل، برداشت، مفاہمت کا سبق سیکھیں۔ لاہور اور پنجاب میں گذشتہ روز ہونے والے واقعات پر شوکت بسرا نے کہا کہ لگتا ہے کہ حکمرانوں کا اقتدار سے جلد رخصت کا شوق ہیٹ ٹرک کی شکل میں پورا ہونیوالا ہے۔ پیپلز پارٹی صرف جمہوریت اور پارلیمنٹ کیلئے انکے ساتھ ہے۔ حکمران سب سے پہلے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو اسلام آباد میں طلب کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کریں۔ احتجاج اور لانگ مارچ جمہوریت میں سیاسی جماعتوں کا حق ہوتا ہے۔ حکومتیں لانگ مارچ کے نتیجہ میں نہیں جاتیں بلکہ حکمرانوں کے غیر جمہوری رویوں سے اقتدار گنواتی ہیں۔ بدقسمتی سے نواز شریف نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ وہ آج بھی 80ء کی دہائی کی ضیاء الحق سوچ کو لیکر چل رہے ہیں۔ نواز شریف کے حواری، خوشامدی اور درباری انہیں جدہ سے بھی آگے بھجوانے کے خواہشمند ہیں۔

مزیدخبریں