مکرمی! سرکاری اداروں میں پبلک سروس کمیشن اور این ٹی ایس کی وساطت بھرتیاں ہوتی ہیں۔ ان امتحانات کی تیاری کے لئے بازار میں مختلف النوع کتب دستیاب ہیں مثلاً کون کیا ہے، جنرل نالج، نفسیاتی ٹیسٹ وغیرہ، امیدوار پبلک سروس کمیشن کے امتحانات اور مقابلے کے دیگر امتحانات کی تیاری کے لئے ان کتابوں سے استفادہ کرتے ہیں جو ادارے اور پبلشرز یہ کتابیں شائع کرتے ہیں ان کی کوشش اور محنت بلاشبہ قابل تحسین ہے کہ ان کتابوں کی وجہ سے امیدواروں کا بہت سا قیمتی وقت بچتا ہے اور انہیں مختلف موضوعات کے لئے الگ الگ کتابوں کا مطالعہ نہیں کرنا پڑتا اور نہ دیگر ذرائع علم کھنگالنے پڑتے ہیں مگر ان کتب کی سب سے بڑی خامی ان کے مندرجات کی درستگی ہے۔ بشتر کتابوں میں بے شمار تاریخی، واقعاتی اور زمانی غلطیاں مطالعے کے دوران نہ صرف بری طرح کھٹکتی ہیں بلکہ پڑھنے والے طالب علم کو بھی صحیح معلومات حاصل نہیں ہو پاتیں مثلاً CHINA ON کتاب ہنری کسنجر نے لکھی ہے جبکہ ایک پبلشر کی چھاپی ہوئی کتاب میں اس کے مصنف کا نام نوم چومسکی دیا گیا ہے۔ اسی طرح دنیا کا سب سے بڑا جزیرہ گرین لینڈ ہے لیکن کتاب کے ماڈل پیپر میں اس کا جواب آسٹریلیا درج ہے جو درست نہیں۔ آپ کے موقر اخبار کے توسط سے مقابلے کے امتحانوں کی تیاری کے لئے کتابیں چھاپنے والے پبلشرز سے بڑے ادب سے گزارش کروں گا کہ براہ کرم ان کتابوں کو شائع کرتے ہوئے درستگی اور پروف ریڈنگ کو حتی الامکان اپنانے کی کوشش کریں تاکہ امیدوار با اعتماد طریقے سے تیاری کریں۔ (وقاص سرفراز، سادھوکے، ضلع گوجرانوالہ)