لاہور (خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور ائرپورٹ پر بھارتی گلوکار سکھبیر سنگھ سے 27 ہزار ڈالر (27 لاکھ روپے) کی برآمدگی کے بعد سکھبیر سنگھ کسٹمز حکام کو چکمہ دیکر رقم سمیت ائرپورٹ سے فرار ہوگیا۔ اس طرح سکیورٹی ایجنسی (اے ایس ایف) اور کسٹمز حکام کی کارکردگی اور اہلیت پر بہت بڑا سوالیہ نشان لگا گیا۔ ذرائع کے مطابق سکھبیر سنگھ دبئی جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 203 کے ذریعے دبئی جانے کیلئے لاہور ائرپورٹ پہنچا۔ لاﺅنج میں داخل ہوتے ہی مشین میں سامان رکھا تو اے ایس ایف حکام کو شک گزرا۔ انہوںنے سکھبیر سنگھ کا سامان کھولا گیا تو اس میں سے 27 ہزار ڈالر برآمد ہوئے۔ اے ایس ایف کے ترجمان کے مطابق سکھبیر سنگھ اور 27 ہزار ڈالر کو کسٹمز حکام کے حوالے کردیا گیا تاکہ وہ مخصوص حد سے زائد رقم غیر قانونی طور پر بیرون ملک لے جانے کی کوشش پر اس کیخلاف کارروائی کریں مگر حیران کن طور پر سکھبیر سنگھ رقم سمیت ائرپورٹ سے باہر چلا گیا۔ کسٹمز حکام سے رابطہ کیا گیا تو کسٹمز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اے ایس ایف کا ایک اہلکار صرف یہ طے کرنے آیا تھا کہ کتنی رقم بیرون ملک لے جانے کی اجازت ہے۔ اسے بتایا گیا کہ 10 ہزار ڈالر تک لے جاسکتے ہیں جس کے بعد وہ اہلکار واپس چلا گیا۔ کسٹمز حکام کے مطابق اے ایس ایف نے سکھبیر سنگھ اور کرنسی انکے حوالے نہیں کی گئی۔ کسٹمز ذرائع کے مطابق اے ایس ایف ہمیشہ تحریری طور پر ملزم کا جرم اور کوائف لکھ کر انہیں ملزم پیش کرتی ہے مگر اب ایسا کچھ نہیں ہوا۔ دوسری طرف حقیقت یہ ہے کہ کسٹمز، اے این ایف، اے ایس ایف بیک وقت سکینر مشین کے نتائج دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ اے ایس ایف حکام نے اگر کسٹمز حکام کے سامنے سکھبیر سنگھ کے سامان میں سے رقم برآمد کی ہے تو وہ کسٹمز، اے این ایف اور اے ایس ایف سے بچ کر کیسے لاﺅنج سے نہ صرف باہر نکل گیا بلکہ وہ رقم بھی ساتھ لے گیا جو اسکے جرم کا ثبوت تھی۔ یاد رہے اے ایس ایف حکام لاﺅنج میں داخل ہونیوالے کو واپس باہر جانے کی اجازت بھی آسانی سے نہیں دیتے۔ نجی ٹی وی کے مطابق قانون کے مطابق کوئی شخص 10 ہزار ڈالر سے زائد کرنسی نہیں لے جاسکتا۔ اے ایس ایف نے گلوکار سکھبیر سنگھ کو حراست میں لیکر کسٹمز حکام کے حوالے کیا تاہم وہ کسٹم حکام کو دھوکہ دیکر فرار ہوگیا۔ سکھبیر سنگھ لاہور ائرپورٹ سے دبئی جا رہا تھا۔ وفاقی حکومت نے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ رقم برآمد ہونے پر اے ایس ایف حکام نے سکھبیر سنگھ کو جہاز تک جانے سے روکدیا اور کسٹمز حکام کے حوالے کیا تھا تاہم وہ مبینہ طور پر اپنا سامان چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ پولیس اور ائرپورٹ حکام تحقیقات کررہے ہیں۔
سکھبیر سنگھ