لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے شہدائے کوئٹہ کے احترام میں تحریک قصاص کے سلسلے میں 16 اگست کے ملک گیر احتجاج کو 20 اگست تک موخر کر دیا ہے۔ مرکزی سیکرٹریٹ میں شہدائے کوئٹہ کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔ دعائیہ تقریب میں سربراہ عوامی تحریک اور جملہ عہدیداران، کارکنان سیاہ پٹیاں باندھ کر شریک ہوئے۔ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ کوئٹہ کے قومی سانحہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے، ہمارے دل آج اسی طرح رنجیدہ ہیں جس طرح 17 جون کے سانحہ ماڈل ٹائون، سانحہ اے پی ایس، سانحہ بلدیہ فیکٹری، سانحہ 12 مئی، سانحہ گلشن اقبال سمیت دہشت گردی کے جملہ سانحات پر تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک سے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں اور سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے پنجاب میں ضرب عضب کا آغاز کیا جائے۔ پنجاب سے چھوٹو اور بگو گینگ پکڑے جارہے ہیں۔ خطرناک دہشت گردوں کو پولیس مقابلوں میں مار کر اصل سرپرستوں کو تحفظ دیا جارہا ہے۔
سانحہ کوئٹہ: طاہر القادری نے 16 اگست کا احتجاج ملتوی کردیا
Aug 10, 2016