راہداری کیخلاف سازشیں ناکام بنانے کیلئے حکومت اور فوج کو بڑا فیصلہ کرنا ہو گا: سمیع الحق

Aug 10, 2016

اکوڑہ خٹک (آئی این پی) مولانا سمیع الحق نے کوئٹہ میں دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت اور شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی نے پورے خطے کے امن کو تباہ و برباد کر رکھا ہے، سول حکومت اور عسکری ادارے اس میں غیرملکی قوتوں بالخصوص بھارت کو ملوث قرار دے رہی ہیں یہ تشویشناک ہے، اقتصادی راہداری کو ناکام بنانے کی غیرملکی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے حکومت اور افواج پاکستان کو ملکی سالمیت اور دفاع کے لئے بڑا فیصلہ کرنا ہوگا۔ افغان مہاجرین کو پاکستان سے افغانستان منتقل کرنے کے سلسلہ میں نواز لیگ حکومت کی پالیسی انتہائی ناعاقبت اندیشانہ ہے اور پولیس افسروں کا رویہ افغان مہاجرین کے لئے جارحانہ اور توہین آمیز ہے، اس سے اقتصادی اعتبار سے ناقابل برداشت نقصان امن کیلئے انتہائی مشکل حالات پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔ جمعیت مہاجرین کی باعزت اور فوری واپسی کی حامی ہے لیکن اس سلسلہ میں پاکستان، افغان حکومتوں کے درمیان معاہدہ کی پاسداری کی جائے۔ سمیع الحق کی زیرصدارت اجلاس میں ملکی اور بین الاقوامی دینی وسیاسی صورت حال پرغور کیا گیا، مولانا سمیع الحق نے ملک میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورت حال اور حکمرانوں کی کرپشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کارکنان جمعیت سے کہاکہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کے لئے جراتمندانہ کردار ادا کریں اور موجودہ حکمرانوں سے قوم و ملک کی جان چھڑانے کے لئے میدان میں آئیں۔ اجلاس میں قراردادیں بھی منظور کی گئیں، کوئٹہ میں دہشت گردی کی مذمت، شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی، مرحومین کے لئے دعائے مغفرت سمیت 3 قراردادوں کی منظوری دی گئی۔

مزیدخبریں