مستقل قیام کیلئے آیا تھا‘ امریکی شہری میتھیو الزامات کے خاتمے کا ثبوت نہ دے سکا

راولپنڈی (نوائے وقت نیوز+ آن لائن+ بی بی سی) راولپنڈی کی مقامی عدالت نے امریکی شہری میتھیو بیرٹ کا مزید 3 روز کا ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ میتھیو بیرٹ کو مزید3دن کیلئے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔ میتھیو بیرٹ کو 2011ء میں پاکستان سے جاسوسی کے الزام میں ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔ میتھیو کریگ بیرٹ نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو دیئے گئے بیان میں کہا وہ پاکستان میں مستقل قیام کرنے کی غرض سے امریکہ سے واپس آیا تھا۔ امریکی شہری نے زبردستی پاکستان میں داخل ہونے کی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلیک لسٹ ہونے کے باوجود ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ہوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ نے انہیں پاکستان کا ویزا جاری کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے تفتیش کے دوران امریکی شہری سے کئی سوالات پوچھے کہ وہ اپنی بیوی بنوشا خان کے بغیر مستقل طور پر پاکستان کیوں منتقل ہونا چاہتا تھا اور اس نے 24 گھنٹے کے اندر اندر 4 سال کا ملٹی پل ویزا کیسے حاصل کرلیا۔ جے آئی ٹی امریکی شہری کو ویزے کے اجراء کے خلاف تحقیقات کرے گی۔ بی بی سی کے مطابق راولپنڈی کی عدالت نے تفتیشی اداروں کے اہلکاروں سے استفسار کیا ہے کہ بلیک لسٹ قرار دیئے گئے امریکی شہری میتھیو بیرٹ کے پاس جب پاکستان آنے کے تمام دستاویزات موجود ہیں تو پھر اْنہیں کس جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم نے سماعت سے پہلے عدالت کو بتایا کہ اس نے پاکستان میں شادی کر رکھی ہے اور وہ اپنے بچوں سے ملنے پاکستان آیا تھا۔ مجھ پر حساس تنصیبات میں داخل ہونے کا الزام ثابت نہیں ہوا جس کی بنا پر سپریم کورٹ نے اْن کے خلاف درج ہونے والا مقدمہ ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔ سماعت کے دوران ملزم اس بارے میں کوئی دستاویزی ثبوت عدالت میں پیش نہیں کرسکا۔ سرکاری وکیل کے مطابق ملزم کے خلاف ماضی میں درج ہونے والے مقدمات ابھی تک موجود ہیں اور اْن مقدمات کی تفتیش بھی ملزم سے کی جائے گی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم میتھیو بلیک لسٹ قرار دیئے جانے کے بعد امریکہ میں بھی گرفتار ہوا تھا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم کے خلاف کون سے مقدمات امریکہ اور پاکستان میں درج ہیں جس پر تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ اس کی تفتیش مکمل ہونے کے بعد اس بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ عدالت نے ملزم کو یقین دلایا کہ اس کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی اور عدالت نے تفتیشی ٹیم کو حکم دیا کہ اس مقدمے کی تفتیش میں تمام قانونی تقاضے پورے کرے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...