کراچی ( اسپورٹس ڈےسک)بلدیہ عظمیٰ کراچی اور کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تحت اصلاح الدین ہاکی اکیڈمی میں ڈپٹی میئر کراچی الیون اور اصلاح الدین الیون کے درمیان جشن آزادی کے سلسلے میں نمائشی میچ کا انعقادکیاگیا۔تقریب میں ٹیسٹ کرکٹر جاوید میانداد، صادق محمد، شعیب محمد، اسکواش کے عالمی چیمپئن جہانگیر خان، اولمپئین اصلاح الدین سمیت متعدد سابق اولمپئین اور کرکٹرزکے علاوہ ممبران صوبائی اسمبلی عظیم فاروقی، انور رضا، سٹی کونسل کمیٹی کے چیئرمین ندیم ہدایت ہاشمی،حنیف سورتی، صبحین غوری، ناہید فاطمہ ، سینئر ڈائریکٹر ، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجداور کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے فاتح ٹیم میں انعامات تقسیم کئے،اس موقع پرڈپٹی میئرکراچی ارشدوہرہ نے کہا کہ ہمارے چیمپئن ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں،اصلاح الدین اکیڈمی میں سابق اور موجودہ چیمپئنز کی کہکشاں جمع کردی گئی،انہوںنے کہاکہ پاکستان کی چیمپئن ٹیم میں اس اکیڈمی سے نصف درجن کھلاڑی شامل ہوئے تو ہماری خوشی کی انتہا نہ ہوگی،یوم آزادی کے سلسلے میں پورے مہینے شہر میں پرچم کشائی کی تقریبات جاری رہیں گی انہوں نے مزیدکہاکہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے انشاءاللہ جلد ہی کراچی کے کھلاڑی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے۔
ڈپٹی مےئر کراچی الےون اور اصلاح الدےن الےون کے مابےن نمائشی ہاکی مےچ
Aug 10, 2017