لاہور(صباح نیوز)وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی سیاست میں سیاسی شعبدہ بازوں کی کوئی گنجائش نہیں، نیا پاکستان بنانے والوں نے ملک کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے، موجودہ حکومت کے خلاف روز اول سے ہی نیازی اینڈ پارٹی نے سازشوں کا تانا بانا بنا۔لاہورسے جاری بیان میں وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ جھوٹ،دھرنے،بے بنیاد الزامات ان کی سیاست کا محور بن چکے ہیں، ہر معاملے پریو ٹرن،دروغ گوئی اورمنافقت ان کا معمول ہے یہی نہیں سیاست میں گالی گلوچ اور بدتمیزی کے کلچر کو انہی عناصر نے پروان چڑھایا۔شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی ترقی اورخوش حالی میں رکاوٹیں ڈالنا ان کاشیوہ بن چکا ہے،اس کے باوجود نواز شریف نے الزامات کی پروا کئے بغیرترقی کاسفر تیزی سے جاری رکھا،چاربرسوں میں پاکستان نے جواعلی مقام حاصل کیاوہ سب کے سامنے ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف بیس کروڑ پاکستانیوں کے دلوں میں بستے ہیں، عوام نے تین بار ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار اور وزیراعظم منتخب کیا۔