اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)کتابیں امن و اخوت ، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کی پیغام برہوتی ہیں اور قوموں کی تقدیر بدل سکتی ہیں۔ آج کے جدید ٹیکنالوجی کے دور میں بھی کتاب کی اہمیت و افادیت سے انکار ممکن نہیں۔ یونیورسٹی آف بلوچستان اور نیشنل بک فاﺅنڈیشن ہر برس یومِ آزادی کے حوالے سے قومی کتاب میلہ منعقد کرتے ہیں ، یہ ایک خوش آئند اور حوصلہ افزاءبات ہے۔ یہ ایک مثبت اور مستحکم روایت ہےان خیالات کا اظہار بلوچستان یونیورسٹی میں نیشنل بک فاﺅنڈیشن کے تیسرے قومی کتاب میلہ بہ سلسلہ جشنِ آزادی کی افتتاحی تقریب میں بلوچستان کے صوبائی وزیر برائے انفارمیشن، پراسیکیوشن اینڈ لا سردار رضا محمد بڑیچ نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے آئے ہوئے بک سیلرز اور پبلشرز مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے کوئٹہ میں آ کر ا س بک میلے میں اپنے بک اسٹال لگائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کتاب دوستی کے فروغ کے لیے آپ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں اور حکومت آپ کے ساتھ مل کر اس عظیم مقصد اور اس کے پیغام کو عام لوگوں تک پہنچائے گی۔قبل ازیں قومی کتاب میلے کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر سردار رضا محمد بڑیچ تقریب گاہ میں تشریف لائے تو اُن کا گرم جوشی سے خیر مقدم کیا گیا۔ ایف جی اسکول کوئٹہ کے بچوں نے بینڈ کی دُھن پر بک پریڈ کی اور مہمانِ خصوصی کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر جناح ٹاﺅن اسکول کے بچوں نے کتاب کا ترانہ ”کتابوں کی دنیا سلامت رہے“ گایا۔تقریب سے بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر جاوید اقبال نے بھی مختصر خطاب کیا ۔
کتابیں امن کی پیغام بر،قوموں کی تقدیر بدل سکتی ہیں: سردار رضا محمد بڑیچ
Aug 10, 2017