لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خان کو کام سے روکنے کا حکم دے دیا۔ فاضل عدالت نے پرو وائس چانسلر کو عبوری طور پر معمول کے انتظامی معاملات چلانے کی ہدایت کر دی۔ فاضل عدالت نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل ملک اویس خالد نے موقف اختیار کیا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خان کو ریٹائرڈ ہونے کے باوجود دوبارہ تعینات کیا جانا قوانین اور عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوانین اور عدالتی فیصلے کے تحت پرو وائس چانسلر کو ہی قائم مقام وائس چانسلر کے اختیارات دیئے جا سکتے ہیں۔ جس پر عدالت نے یونیورسٹی کے چانسلر گورنر پنجاب کو پرو وائس چانسلر کو قائم مقائم چانسلر کے عہدے پر تعینات کرنے کے حوالے سے ایک ہفتہ میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے چانسلر کا فیصلہ آنے تک زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خان کو سینڈیکیٹ کے اجلاسوں کی صدارت کرنے اور یونیورسٹی کے انتظامی کام سے روکنے کا حکم دے دیا۔ فاضل عدالت نے پرو وائس چانسلر کو عبوری طور پر معمول کے انتظامی معاملات چلانے کی ہدایت کر دی۔
زرعی یونیورسٹی چانسلر