لاہور ، گوجرانوالہ (کامرس رپورٹر+ نامہ نگاران) ملک میںبجلی کی ڈیمانڈ بڑھنے سے شارٹ فا ل میں اضافہ ہو گیا جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں مزید اضافہ کر دیا ۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں جاری حبس کے باعث ڈیمانڈ بڑھی ہے اور مجموعی پیداوار بڑھ کر ایک بار پھر 20 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے جس کی وجہ سے شارٹ فال بڑھ کر 7 ہزارمیگاواٹ کی سطح پر آگیاہے ۔ شارٹ فال میں اضافہ کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ میں مزید دو گھنٹے کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ گزشتہ روز شہروں میں 12 جبکہ دیہی علاقوں میں 16 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔لاہور میں بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث سسٹم اوورلوڈ ہونے سے لیسکو کے 4 گرڈ سٹیشنوں اولڈ کوٹ لکھپت، غازی گرڈ سٹیشن، سنی ویو اور پی ڈبلیو آر سے بجلی کی فراہمی معطل رہی جس کی وجہ سے چونگی امرسدھو، پنجا ب سوسائٹی، والٹن روڈ، ایمپریس روڈ، ریلوے کالونیاں، گڑھی شاہو، علامہ اقبال روڈ اور کینٹ کے بعض علاقوں میں بجلی بند رہی۔ دوسری جانب گزشتہ روز ملک کے جن علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا وہاں ترسیلی نظام شدید متاثر ہوا اور سینکڑوں فیڈرز اور د رجنوں گرڈز ٹرپ کر گئے تاہم بارش رکنے کے بعد فوری طور پر بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ۔گوجرانوالہ اور گکھڑ منڈی میں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی انتہا کردی گئی۔ شہر میں 6 سے 8 جبکہ دیہاتوں میں 8 سے 10 گھنٹے بجلی بند کردی جاتی ہے جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ دریں اثنا پاکپتن‘ ساہیوال‘ ننکانہ صاحب ،کمالیہ، خوشاب، بھکر، قلعہ احمدآباد ، تاندلیانوالہ، چکڑالہ ، جکھڑ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، کسووال ، گگومنڈی، وہاڑی، حافظ آباد میں بھی لوگوں نے طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کیا۔ دن اور رات کے دوران بجلی کی 12سے 14 گھنٹے کی لوڈشےڈنگ کے وجہ سے لوگوں کیلئے رات کے وقت آرام کرنا بھی محال ہو گےا۔ مظاہرین نے کہا کہ اگر ےہ سلسلہ فوری ختم نہ ہوا تو وہ بجلی دفاتر کے ساتھ ساتھ ممبران اسمبلی کے دفاتر کا بھی گھےراﺅ کرےں گے۔
لوڈشیڈنگ