ایشیئن گیمزمیں 6 رکنی باکسنگ ٹیم چنائو

Aug 10, 2018

کراچی( رپورٹ: اسحاق بلوچ) ایشیئن گیمزمیں شرکت کے لئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے چھ رکنی باکسنگ ٹیم کو حتمی شکل دے دی۔ باخبر ذرائع کے مطابق باکسنگ ٹیم قومی دستے کی روانگی کے بعد 10 اگست کولاہورسے جکارتہ روانہ ہوگی۔ قومی دستہ 16 اگست کو روانہ ہوگا۔ باکسنگ کے باخبر ذرائع کے مطابق فیڈریشن نے قومی کیمپ میں شریک باکسروں کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے 6 رکنی ٹیم کا سلیکشن کیا ہے۔ منتخب باکسروں میں محب اللہ (لائٹ فلائی)‘ سید محمد آصف (فلائی)‘ نقیب اللہ (بینٹم ویٹ)‘ تنویرا حمد (مڈل ویٹ)‘ سلیمان بلوچ (64 کلو گرام) اور گلزیب 69 کلو گرام شامل ہیں۔ سابق ایشیئن چیمپیئن علی بخش بلوچ اور ارشد حسین ٹیم کوچ کی حیثیت سے جکارتہ جائیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے نامساعد حالات کے باوجوداپنے باکسروں کی تربیت جاری رکھی۔ اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں طویل 2 مہینے سے کیمپ جاری ہے۔ کیمپ میں ملک بھرسے 18 باکسروں کو تربیت کے لئے طلب کیاگیا تھا اورسخت تربیت اور اسپائرنگ کے بعد باکسنگ فیڈریشن نے باکسروں کی فٹنس اور صلاحیتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے حسب بالا باکسروں کو جکارتہ جانے والی ٹیم کے لئے سلیکٹ کیا۔ واضح رہے کہ باکسنگ فیڈریشن نے ان گیمز میں مکمل 10 رکنی یا 8 رکنی رقم روانہ کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ تاہم اسپورٹس بورڈنے مالی مشکلات کی بناء پر صرف 6 باکسروں کی منظوری دی۔ اس طرح باکسنگ فیڈریشن نے ٹیم میں کٹوتی کرکے 6 باکسروں کا چنائو کیا۔ یہ ٹیم 20 اگست کو لاہور سے انڈونیشیا کے لئے روانہ ہوگی۔ دوسری جانب ویمنزکیٹیگری کے لئے صرف 2 باکسرز جکارتہ جائیں گیں۔ گرلز ٹیم میں رضیہ بانو سندھ اور رخسانہ لاہور کا چنائوکیاگیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان پہلی بار ایشیئن گیمز کے گرلز (ویمن) باکسنگ میں شرکت کررہا ہے۔ اس سے قبل سائوتھ ایشیئن گیمز میں ملک کی تاریخ میں پہلی بارویمن باکسنگ ٹیم ایکشن میں آئی تھی۔

مزیدخبریں