کراچی(کامرس ڈیسک)مقامی حکومتی قرضوں میں تیزی کے ساتھ اضافے کارجحان جاری ہے،مقامی حکومتی قرضے اورمالی ذمہ داریاں اب 17 ہزارارب روپے سے تجاوز کرگئی ہیں ۔اسٹیٹ بنک کی دستاویز کے مطابق جون 2018 کوختم ہونے والے مالی سال کے اختتام پرمقامی ذرائع سے لئے گئے حکومتی قرضے اورمالی ذمہ داریاں 17 ہزار3ارب روپے تک پہنچ گئی ہیں جوجون 2017کو15 ہزار 305 ارب روپے کی سطح پرتھے۔ اس طرح ایک سال میں مقامی ذرائع سے حکومتی قرضوں اورمالی ذمہ داریوں میں 1698ارب روپے کااضافہ ہواہے۔دستاویز کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران مقامی مستقل قرضوں میں کمی ہوئی جو5528ارب روپے سے کم ہو کر4653 ارب روپے ہو گئے۔ مارکیٹ ٹی بلز کی مد میں لیا گیا قرضہ 6551 ارب روپے سے بڑھ کر8989 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ سیونگ اسکیمز کی مد میں لیا گیا قرضہ 2630ارب روپے سے بڑھ کر 2728 ارب روپے اور پوسٹل لائف انشورنس کی مد میں قرضہ 45ارب روپے سے بڑھ کر46 ارب روپے تک پہنچ گیاہے۔مجموعی مقامی حکومتی قرضے 14849ارب روپے سے بڑھ کر16315 ارب روپے تک پہنچ گئے۔
حکومتی قرضوں میں تیزی کے ساتھ اضافے کارجحان جاری
Aug 10, 2018