پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں کامیاب ہوگی ناصر شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق صوبائی وزیر اور پیپلز پارٹی کے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔سندھ میں آزاد کشمیر کی دونوں نشستوں پر پیپلز پارٹی ہی کامیاب ہوگی۔ کشمیر کاز کے لئے پیپلز پارٹی نے سب سے زیاد ہ آواز بلند کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر سندھ کے صدر سردار فیصل خان کی وفد کے ہمراہ آمد کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر سندھ کے صدر سردار فیصل خان نے وفد جس میں کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری چوہدری ثاقب نذیر، سنئیر رہنماء سردار ظفر حیات، سردار شوکت، سردار فہد، سردار وحید، سردار شیراز اور دیگر شامل تھے کہ ہمراہ سید ناصر حسین شاہ کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کشمیر وادی سندھ کا حصہ اور پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے۔کشمیریوں کے حقوق کے لئے سب سے زیادہ وکالت بھٹو شہید نے کی ۔جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کی وکالت کی۔ سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات میں سندھ کی کشمیریوں کی دونوں نشستوں پر پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر سندھ کے صدر سردار فیصل خان نے سید ناصر حسین شاہ کو سندھ میں کشمیریوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔جس پر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ میں بسنے والے کشمیری ہمارے بھائی ہیں اور ان کے مسائل ترجیعی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن