نئی حکومت آنے پرنان کیرئرسفیرمستعفی تصور ہونگے ، پاکستان ،روس دفاعی تعلقات آگے بڑھ رہے ہیں :دفتر خارجہ

Aug 10, 2018

اسلام آباد(صباح نیوز‘ نوائے وقت نیوز)ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے ا ور افغان مسئلے کے حل کے لیے تمام اقدامات کرے گا۔اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ تیز کردیا ہے اور صرف ایک ماہ کے دوران بھارتی جارحیت کی وجہ سے 30شہری شہید ہوچکے ہیں، 300 سے زائد زخمی اور اس دوران 169 کو حراست میں لیا گیا جب کہ 46 مکانات کو مسمار کردیا گیا۔ اب بھارت اپنا ریاستی جبر چھپانے کے لیے صحافیوں کو کشمیر میں نہیں جانے دے رہا۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی مظالم صرف کشمیر تک محدود نہیں بلکہ خود بھارت کے اندر اقلیتی برادریاں محفوظ نہیں، بالخصوص مسلم اقلیت کے ساتھ ناروا سلوک جاری ہے جب کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی اور ورکنگ بانڈری پر بھی ہٹ دھرمی جاری ہے۔ رواں برس میں اب تک بھارت نے 1400 سے زائد بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ بھارتی فائرنگ سے اب تک 30 سے زائد بے گناہ شہری شہید جب کہ 150 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ دوسری جانب پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان نے مونابا ئوبارڈر خصوصی طور پر کھولا اور بھارتی خاتون کی نعش لے جانے کی اجازت دی۔ بھارتی ایم ایل اے نے بذریعہ خط سیکرٹری خارجہ کو لکھ کر شکریہ ادا کیا۔ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے ا ور افغان مسئلے کے حل کے لیے تمام اقدامات کرے گا۔ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا ملیحہ لودھی کی عمران خان سے ملاقات کا معاملہ دفتر خارجہ کے علم میں نہیں ہے،نئی حکومت آنے کے بعد تمام نان کیریئر سفیرمستعفی تصور ہوں گے۔ترجمان نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کا فی الحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا، پاکستان روس دفاعی تعلقات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ تمام نان کیریئر تعیناتیاں اور کیڈر کے علاوہ تعینات سفیر نئی حکومت کے آنے کے ساتھ ہی مستعفی تصور ہوں گے۔ اس کے علاوہ بیرون ملک سفیروں کی مدت میں توسیع کا فیصلہ آئندہ آنے والی حکومت کرے گی۔
دفتر خارجہ

مزیدخبریں