اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت نے ہیمبرگ جرمنی کا دورہ کیا۔پی این ایس اصلت کا یہ تین روزہ دورہ بحرِ احمر اور یورپین ممالک کے دورے کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ بندر گاہ آمد پر پی این ایس اصلت کا پر تپاک خیر مقدم کیا گیا۔ جرمنی میں تعینات پاکستان مشن کے نمائندگاناور ہیمبرگ ریجنل کمانڈ کے حکام نے جہاز کا استقبال کیا۔ جہاز کا یہ دورہ بھر پور پیشہ ورانہ اور سماجی سر گرمیوں پر مشتمل تھا۔ پاک بحریہ کے مشن کمانڈر نے جہاز کے کمانڈنگ آفیسر اور نیول اتاشی کے ہمراہ جرمن نیوی کے سر براہ وائس ایڈمرل انڈریا کروز، جرمن نیوی کے چیف آف اسٹاف، ہیمبرگ ریاست کے کونسلر، ریجنل کمانڈ ہیمبرگ کے کمانڈنگ آفیسر سے ملاقاتیں کیں۔ جرمنی میںتعینات پاکستانی سفیر بھی ان ملاقاتوں کے دوران موجود تھے۔ مزید برآں، مشن کمانڈر نے پی این ایس اصلت کے کمانڈنگ آفیسر اور نیول اتاشی کے ہمراہ کیل میںنیول میموریل لابی پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر جہاز کے آفیسرز اورسی پی اوز /سیلرز کی کثیر تعداد موجود تھی۔ دورے کے دوران جرمن حکام کی جانب سے پاکستان کی عوام بالخصوص مسلح افواج کے لئے خیر سگالی اور گرم جوشی کا بھر پور مظاہرہ کیا گیا۔