بہار/نئی دہلی(اے این این)بھارتی ریاست بہار کی وزیر سماجی بہبود کماری سنجو ورما نے شیلٹر ہوم زیادتی سکینڈل کے مرکزی ملزم کے ساتھ شوہر کے تعلقات سے متعلق الزامات پرعہدے سے استعفی دے دیا۔بھارتی اخبار کے مطابق کماری سنجو ورمانے مرکزی ملزم براجیش ٹھاکر کے الزامات کے چند گھنٹے بعد استعفی دیا، براجیش کمار نے مظفرپور کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیر کے شوہر چندیشور کے ساتھ اس کے خاص روابط نہیں تھے لیکن سیاسی اور دیگر معاملات پر ان سے بات چیت ہوتی رہتی تھی۔اخبار کے مطابق اس کیس میں وزارت سماجی بہبود پر الزامات کے بعد کماری سنجو ورما پر شدید دبائو تھا۔مظفر پور چائلڈ پروٹیکشن کے سابق افسر کی اہلیہ نے گذشتہ ہفتے دعوی کیا تھا کہ کماری سنجو ورماکے شوہر اکثر شیلٹر ہوم کا دورہ کرتے تھے جبکہ میرے معصوم شوہر کو قربانی کا بکرا بناکر گرفتار کرلیا گیا تاہم وزیر سماجی بہبود نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بے بنیاد قرار دیا ہے۔وزیراعلی نتیش کمار اور ان کے نائب کی جانب سے دفاع کے باوجود حزب اختلاف کی جماعتوں نے کماری سنجو ورماکو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔واضح رہے کہ مظفر پور کے ایک شیلٹر ہوم سے 30 سے زائد لڑکیوں کوبازیاب کرایا گیا تھاجنہیں کئی ماہ تک جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔