ڈیرہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات قابل مذمت ہیں، علامہ ساجد علی نقوی

راولپنڈی (نیوزرپورٹر)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے ترجمان نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پروا میں ٹارگٹ کلنگ کے تین مختلف واقعات میں تین معصوم لوگوں کی شہادت پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں عرصہ دراز سے دہشت گرد اور شرپسند عناصر کی جانب سے جو کھیل کھیلا جا رہاہے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ان تمام واقعات کی ذمہ داری خیبر پختونخواہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عائد ہوتی ہے جو شہریوں کی قیمتی جانو ں کی حفاظت کرنے میں ناکا م نظر آتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ عرصہ دراز سے قاتل شہر میں دلیری کیساتھ واردات کرکے فرار ہوجاتے ہیںجو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ؟ انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ ہمارے صبر کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے اور صوبائی حکومت خیبر پختونخواہ سمیت قانون نافذ کرنیوالے ادارے شہریوںکے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں ۔انہوںنے مزید کہاکہ ایک سازش کے تحت ملک میں شرپسندی پھیلا کر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن