نوشکی( اے این این) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان اور متحدہ مجلس عمل کی رابطہ کمیٹی کے سربراہ حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے احتجاجی تحریک میں ایم ایم اے کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی پرجوش قیادت نے ایک نئی روح پھونکی ہے مگر شہباز شریف اور آصف زرداری کی مصلحت آمیز گومگو کی پالیسی اس احتجاجی تحریک کے خلاف ’’بیک فائر‘‘ کرسکتی ہے لیکن عوام کے سامنے ہر ایک کا کردار واضح ہے۔ وہ جمعیت طلبہ اسلام کے سابق صوبائی جنرل سیکرٹری ریٹائرڈ کیپٹن غلام رسول مینگل کے جنازہ اور تدفین میں شرکت کے بعد جے یو آئی کے رہنما عبدالحئی مینگل کی رہائشگاہ پر گفتگو کررہے تھے۔ تازہ انتخابات میں بھی واضح انداز میں ایک کوشش کی گئی لیکن بلوچستان اور اس میں موجود حقیقی سیاسی پارٹیوں کے لیے ’’باپ‘‘ کوئی مسئلہ نہیں ہے دراصل معاملہ ’’باپ‘‘ کے ’’باپ‘‘ کا ہے جو بلوچستان کی حقیقی اور اوریجنل نمائندوں کا راستہ روکتی رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ہار جیت تو رہتی ہے لیکن اس دفعہ انتخابات جیتنے والے ہارنے والوں سے زیادہ پریشان اور حیران ہیں ہمیں تو ان کی پریشانی دیکھی نہیں جارہی کیوںکہ لاڈلے کو قومی اسمبلی میں مکمل فری ہینڈ دینے کے لیے تمام سیاسی پارٹیوں کے بولنے اور لاڈلے کو تنگ کرنے والے رہنماؤں کو ’’آؤٹ‘‘ کردیا گیا اس طرح ووٹوں کی گنتی ’’نئے سسٹم‘‘ کی نذر ہوگئی جوکہ طے شدہ تھا۔
شہباز شریف، زرداری کی گومگو پالیسی احتجاجی تحریک کیخلاف بیک فائر کر سکتی ہے: حافظ حسین
Aug 10, 2018