لاہور(خصوصی نامہ نگار )جمعیت علما پاکستان کے مرکزی پیراعجاز ہاشمی نے مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ انتخابی نتائج سے مایوسی ہوئی، انتہاپسندی اورنفرت کی سوچ کو رواج دینے کے لئے نئے شدت پسند مذہبی گروہ پیدا کئے گئے۔ تاکہ اہل سنت ووٹ کو تقسیم کیا جاسکے۔ سب جانتے ہیں کہ ان گروپوں کے پیچھے کون ہیں؟ انہی خفیہ ہاتھوںنے باقی فرقوں کی نمائندہ جماعتوںکو بھی جذباتی نعروں پر تقسیم کیا۔ انتخابات میں تو خفیہ عناصر نے اپنے مقاصد حاصل کرلئے۔ مگر ان استعمال ہونے والوں کو کچھ بھی نہیں دیا۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ ایسے گروہوں کی سرپرستی کرنے والے اتحاد امت کی بات کرنے والوں کو ناصرف دیوار سے لگا رہے ہیں بلکہ ملکی سلامتی سے بھی کھیل رہے ہیں۔