صدر مملکت ممنون حسین نے نو منتخب وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریب کے باعث غیر ملکی دورہ ملتوی کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین 16سے 19 تاریخ تک ایڈنبرا جا رہے تھے ،گزشتہ روز نگران وزیر قانون علی ظفر نے صدر مملکت سے ملاقات کی جس میں وزیر قانون نے صدر مملکت سے کہا کہ حکومت سازی کے اہم مرحلہ میں آپ کی ملک میں موجودگی ضروری ہے۔جس پر صدر مملکت نے ان کی اس استدعا کو قبول کیا۔صدر مملکت ممنون حسین اب نو منتخب وزیر اعظم کی حلف برداری کے بعد غیر ملکی دورہ کرینگے۔صدر مملکت نے خیبرپختونخوا اور پنجاب کے گورنرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ نئی حکومت کے قیام تک اپنے استعفے موخر کر دیں جس پر دونوں گورنرز نے بھی اپنے استعفے موخر کر دیئے ۔واضح رہے کہ صدر ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کیا ہوا ہے ۔ نگران وزیر اعظم کی جانب سے نو منتخب قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر نے کی سمری دو روزقبل بھجوائی گئی تھی۔ نومنتخب اراکین قومی اسمبلی 13 اگست کے اجلاس میں اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے، جس کے بعد سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا۔
صدرممنون حسین نے غیر ملکی دورہ ملتوی کر دیا
Aug 10, 2018 | 12:24