لاہور (نیوز رپورٹر) مجید نظامی مرحوم نے اپنی ساری زندگی کشمیر کاز اور کشمیر کے پاکستان سے الحاق کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ حالیہ بھارتی اقدام کے بعد ہمیں بھارت کو منہ توڑ جواب دینا ہو گا۔ ہم کشمیریوں کی ہر ممکن مدد کریں گے اور نوائے وقت کی طرف سے ان کی حمایت میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیٹر انچیف روزنامہ نوائے وقت رمیزہ مجید نظامی نے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام فلیٹیز ہوٹل لاہور میں منعقدہ ’’کشمیر بنے گا پاکستان کانفرنس‘‘ سے خطاب میں کیا۔ رمیزہ مجید نظامی نے کہا میرا یہ فرض تھا کہ اس اہم موضوع پر کانفرنس میں شرکت کروں۔ گزشتہ چند روز سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق جو خبریں آرہی ہیں انہیں سن کر مجید نظامی مرحوم کی روح بھی کانپ اٹھی ہوگی۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کاز پر نہ کوئی سمجھوتہ ہے اور نہ ہی ہو سکتا ہے۔کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور انشاء اللہ ہمیشہ حصہ رہے گا۔ نوائے وقت مجید نظامی مرحوم کے مشن کو لیکر ہی آگے بڑھ رہا ہے۔ گزشتہ دنوں ہم نے ایک اپیل شائع کی جس میں عازمین حج سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ اپنی دعائوں میں اپنے کشمیری بھائیوں کو ضرور یاد رکھیں اور دعا کریں کہ کشمیریوں پر جو امتحان آیا ہے اللہ تعالیٰ انہیں اس میں سے نکالے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جس بربریت کا مظاہرہ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اس پر بھرپور صدائے احتجاج بلند ہونی چاہئے۔ کشمیری عوام کی استقامت، جرأت اور قربانیوں پر انہیں سلام اور ان سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ بھارت ہماری شہ رگ پر زیادہ عرصہ اپنا غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا۔ پرتشدد کارروائیاں کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کچلنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں اور برہان الدین وانی کی شہادت کے بعد اٹھنے والی آزادی کی نئی لہر روز بروز توانا ہورہی ہے۔ مسلسل کرفیو‘ مسلمان مظاہرین کے خلاف پیلٹ گن کے استعمال اور کشمیری خواتین کے خلاف عصمت دری کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے باوجود تحریک آزادی آگے بڑھ رہی ہے اور کشمیری بہت جلد اپنی منزل یعنی آزادی حاصل کر لیں گے۔ قبل ازیں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے محترمہ رمیزہ مجید نظامی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ مجید نظامی محسن کشمیر تھے ان کے مشن کو اب ان کی بیٹی آگے بڑھا رہی ہیں۔