اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر قائم کی گئی جائزہ کمیٹی میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کو شامل کیا گیا ہے کمیٹی میں آزاد کشمیر کے صدر، وزیراعظم اور گلگت بلتستان کے گورنر بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے جبکہ سراج الحق کو کمیٹی میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت دی جائے گی۔کمیٹی بھارتی حکومت کے حالیہ اقدام کا جائزہ اور سفارشات پیش کرے گی۔حکومت کی طرف سے قائم کردہ کمیٹی میں اٹارنی جنرل، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ملٹری آپریشنز اور ڈی جی آئی ایس پی آر بھی شامل ہیں۔وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق وزیر قانون فروغ نسیم کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نے وزیر خارجہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی تھی۔