19 اگست تک جوڈیشل ریمانڈ، طبیعت خرابی پر فریال تالپور ہسپتال منتقل

Aug 10, 2019

اسلام آباد(نا مہ نگار)احتساب عدالت نے ہمشیرہ فریال تالپور کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرلیا۔ پی پی رہنما کو عدالت نے 19 اگست تک جیل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ تفتیشی افسرنے عدالت کو آگاہ کیا کہ فریال تالپور سے تفتیش مکمل ہو چکی، مزید ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔واضح رہے کہ فریال تالپور کا شوگر لیول ہائی ہو گیا تھا جس کے بعد انہیں اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا معائنہ کیا گیا اور طبی امداد دی گئی۔ڈاکٹروں نے فریال تالپور کی حالت تشویش ناک قرار دے دی ہے، مزید ٹیسٹ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے رائے دی کہ فریال تالپور کو ایسی حالت میں جیل منتقل کیا جانا درست نہیں ہوگا،ڈاکٹرز کا کہنا ہے انکا انفیکشن ایک دو روز میں ختم ہو جائے گا ،اس کے بعد انکا کارڈک کا علاج کیا جانا ہے،فریال تالپور کو جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات نیب کی حراست میں طبیعت خراب ہو نے پر کو پولی کلینک لایا گیاتھا۔ نیب اہل کاروں نے ڈاکٹروں کی رائے کو مسترد کردیا اور فریال تالپور کو زبردستی جیل لے جانے پر اصرار کیا ۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک،سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا اور سابق چئیرمین سینیٹ سید نئیر حسین بخاری بھی پولی کلینک ہسپتال پہنچے اور فریال تالپور کی طبیعت سے متعلق دریافت کیا، ذرائع کے مطابق فریال تالپور کے وکیل فاروق نائیک نے نیب اہل کاروں کے روئیے کو نامناسب قرار دے دیا۔بلاول بھٹو زرداری نے اپنی پھوپھی کی عیادت کی ۔

مزیدخبریں