اسلام آباد (نیوزرپورٹر) سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹر رحمان ملک نے بھارتی وزیراعظم مودی کیخلاف چارج شیٹ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت یہ سب افغانستان میں امن کی کوششوں کو برباد کرنے کیلئے کر رہا ہے۔سینیٹر رحمان ملک نے یہ چارج شیٹ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں پیش کی۔ انہوںنے کہا پاکستان تاریخ کے حساس و مشکل وقت سے گزر رہا ہے۔بھارت پاکستان اور افغانستان میں اچھے تعلقات و پاکستان کا امن میں کردار نہیں چاہتا ہے۔بھارت یہ سب افغانستان میں امن کی کوششوں کو برباد کرنے کیلئے کر رہا ہے، سینیٹر رحمان ملک نے کہا بھارت یہ سب کچھ مقبوضہ کشمیر کاجغرافیہ تبدیل کرنے کیلئے کر رہا ہے۔انہوں نے تجویز کیا ہمیں مودی کیخلاف انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں جانا چائیے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن نے بھارت کی ریاستی دہشتگردی پر رپورٹ دی ہے۔ وزیراعظم مودی اپنی فورسز کے ذریعے نہتے کشمیریوں کو قتل، ریپ، اغوا و اندھا کرا رہے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے انسانی حقوق کی تنظیموں پر کشمیر داخلے پر پابندی لگا کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ بھارتی وزیراعظم مودی مشہور دھشتگرد ہے جسکا نام دنیا کے ٹاپ دس دھشتگردوں میں ہے۔ بھارتی وزیراعظم مودی گجرات کے سفاک قاتل کے نام سے دنیا میں جانا جاتا ہے۔ گجرات میں قتل عام کیوجہ سے مودی کا داخلہ امریکہ میں ممنوع تھا۔ بھارتی وزیراعظم مودی آر ایس ایس کا ممبر ہے جسکے ہاتھ نہتے مسلمانوں کے خون سے رنگے ہیں۔بھارتی وزیراعظم مودی اپنے ملک کے باشندوں کے قتل و غارت و عصمت دری میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم مودی آر ایس ایس کے اعلان کی مطابق بھارت کو 2025 تک ھندو راشترا بنانے پر گامزن ہے۔ بھارتی وزیراعظم مودی نے پہلے احمدآباد گجرات اور اب کشمیر میں مسلم نسل کشی کر وا رہا ہے ۔بھارتی وزیراعظم مودی نے نہتے کشمیریوں پر ظلم و جبر کیلئے 7 لاکھ فوجیوں کو کشمیر بھیجا ہے ،کشمیریوں کا واحد گناہ اقوام متحدہ کے قوانین کے تحت حق خودارادیت کی جدوجہد ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا دنیا میں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مثال نہیں ملتی، مسلم آبادی کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے وزیراعظم مودی مختلف حربے استعمال کر رہاہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا انسانیت کیخلاف ان جرائم پر انٹرنیشنل کرائمنل کورٹ میں وزیراعظم مودی کا ٹرائیل کیا جائے۔