فواد چوہدری کا کام ہر کسی پر تنقید، ہر دوسری وزارت میں ٹانگ اڑانا ہے، شیخ رشید

اسلام آباد ( محمد نواز رضا ۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا وفاقی کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین چوہدری کے درمیان اس وقت تلخ کلامی ہو گئی، شیخ رشید احمد نے فواد حسین چوہدری کوآڑھے ہاتھوں لیا اورکہاکہ’’آپ سے اپنی وزارت تو چلتی نہیں، ہر کسی پر تنقید کرتے ہیں،آپ کا کام ہی ہر دوسری وزارت میں ٹانگ اڑانا ہے، آپ پتہ نہیں کس کے کہنے پر اپنے وزیراعظم کے فیصلوں پر تنقید کرتے رہتے ہیں میں کوئی بھی کام اپنے وزیراعظم سے پوچھے بغیر نہیں کرتا، میرے وزیر ریلوے ہوتے ہوئے بھارت کو کوئی ٹرین نہیں چلائی جائے گی‘‘۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان شیخ رشیداحمد کی تلخ نوائی پر انجوائے کرتے رہے اور مسکراتے رہے ، وفاقی کابینہ نے شیخ رشید کے سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کے اقدام کی توثیق کی شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس میں بھی کہا کہ فواد حسین چوہدری کو دوسروں کی وزارت میں منہ مارنے کی عادت ہے، میں سینئر ترین وزیر ہوں ۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں شیخ رشید احمد اور فواد حسین چوہدری کے درمیان میں پھر نوک جھونک ہو گئی، شیخ رشید احمد نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فواد حسین چوہدری کو کھری کھری سنادیں، انہوں نے کہا کہ میں ڈسپلن والا آدمی ہوں، وزیر اعظم سے اجازت لئے بغیر کوئی کام نہیں کرتا ۔شیخ رشیدنے کہا کہ فواد چوہدری! پتہ نہیں آپ کس کے کہنے پر اپنے وزیراعظم کے فیصلوں پر تنقید کرتے رہتے ہیں۔ وفاقی کابینہ کے ارکان نے سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کے اقدام کو سراہا ۔ زرائع کے مطابق شیخ رشید نے کہا کہ میرے وزیر ریلوے ہوتے ہوئے بھارت کو کوئی ٹرین نہیں چلائی جائے گی۔ فواد چوہدری نے رائے دی کہ سمجھوتہ ایکسپریس کے زریعے دونوں اطراف کے منقسم خاندان کی آمدو رفت ہوتی ہے سمجھوتہ ایکسپریس کی بندش سے ان خاندانوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا ہیں۔ شیخ رشید نے فواد حسین کو مشورہ دیا کہ آپ اپنی وزارت دیکھیں، مجھے پتہ ہے کیا چیز بہتر کیا ہے براہ کرم آپ میری وزارت میں مداخلت کریں اور نہ ہی میں کسی کو مداخلت کی اجازت دوں گا،سمجھوتہ ایکسپریس اور دیگر ٹرینوں سے قابل اعتراض اشیا ہمارے ملک میں آتی ہیں،سمجھوتہ آور تھر ایکسپریس کا جاری رہنا کشمیریوں کے خون سے غداری کے مترادف ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے شیخ رشید احمد اور فواد حسین چوہدری کی نوک جھونک میں کسی نے مداخلت نہیں کی اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ 'جو رات کو چینل پر بیٹھ کر باتیں کر رہے تھے ان کے لیے پیغام ہے کہ میں بے وقوف نہیں ہوں، میں نے وزیر اعظم سے بات کی، انہوں نے مجھ سے کہا کہ ایک ٹرین کو جانے دیں اور پھر ان کی اجازت سے ہی اس ٹرین کو بند کیا ہے'۔فواد چوہدری کو دوسری وزارتوں میں منہ مارنے کی عادت ہے، انہیں اپنے کام سے کام رکھنا چاہیے، اس کے بارے میں وزیر اعظم سے بات کروں گا'۔ مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارت کے غیر ذمہ دارانہ فیصلے پر وزیر ریلوے نے گزشتہ روز سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے کہاہے کہ 'جب تک میں وزیر ریلوے ہوں سمجھوتہ ایکسپریس نہیں چل سکتی، یہ ٹرین ہفتے میں دو دن چلتی تھی، اب سمجھوتہ ایکسپریس کی بوگیاں عید کی چھٹیوں پر دیگر ٹرینوں میں لگائی جائیں گی۔

ای پیپر دی نیشن