اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے آل پاکستان حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں آل پاکستان حریت کانفرنس کے کنوینر سید فیض نقشبندی اور سید عبداللہ گیلانی نے وفد کی قیادت کی۔ وفد میں محمود احمد ساغر، فاروق رحمانی، یوسف نسیم حسن البنا، پرویز احمد شاہ، عبدالمجید میر، رفیق ڈار اور مرتضی دورانی شامل تھے۔ حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے ملاقات کے دوران پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے کہا کہ آپ کی شخصیت میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید موجود ہیں۔ کشمیریوں کو امید ہے کہ آپ اپنے عظیم نانا اور عظیم والدہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کشمیری عوام کی آواز بنیں گے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے ہزار سال تک لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ پیپلزپارٹی کی قیادت نے اپنے بانی کے اس عہد کو اپنے منشور کا حصہ بنایا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ اقوام متحدہ بھارت کو اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کا پابند کرے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ کشمیریوں کی پاکستان سے وفا ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔ پاکستان کے عوام کشمیر اور کشمیریوں کو اپنے وجود کا حصہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے وہ کارکن جو سمندر پار مقیم ہیں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے سفیر بن کر ان کی آواز دنیا بھر کے حکمرانوں تک پہنچائیں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے مودی کے گجرات میں ادا کئے ہوئے قصائی کے کردار کے پیش نظر انہیں قصائی کہا تھا۔ مجھے خدشہ تھا کہ مودی مقبوضہ کشمیر میں ظلم اور جبر کا بازار مزید گرم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہذب ممالک کی حکومتوں کو اور عالمی منصفین کو مودی کا ہاتھ روکنا ہوگا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سید نیر حسین بخاری، سینیٹر شیری رحمن، چوہدری پرویز اشرف اور فیصل ممتاز راٹھور بھی موجود تھے۔
آصف زرداری اوربلاول سے آل پارٹیزحریت کانفرنس کے رہنماؤں کی ملاقات
Aug 10, 2019