اسلام آباد(نا مہ نگار)احتساب عدالت نے آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں جیل بھجوا دیا، پی پی رہنما کو عدالت نے 19 اگست تک جیل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، نیب کے تفتیشی افسرنے عدالت کو آگاہ کیا کہ فریال تالپور سے تفتیش مکمل ہو چکی، مزید ریمانڈ کی ضرورت نہیں، عدالت فریال تالپور کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیجوائے۔دوسری جانب فریال تالپور کے وکیل فاروق نائیک نے اعتراض کیا کہ جب تفتیش کی ہی نہیں تو کیسے کہہ سکتے ہیں کہ تفتیش مکمل ہوگئی؟فاروق نائیک نے استدعا کی کہ 16اگست کو آصف زرداری کے ساتھ فریال تالپورکو پیش کیا جائے۔احتساب عدالت نے وکلائے طرفین کا موقف سننے کے بعد فریال تالپور کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار کر دیا اور نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے فریال تالپور کو 19اگست تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ فریال تالپور کا شوگر لیول ہائی ہو گیا تھا جس کے بعد انہیں اسلام آباد کے پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا معائنہ کیا گیا اور طبی امداد دی گئی۔