بھارت نے شملہ معاہدہ اور یو این قرار دادوں کی خلاف ورزی کی ، فروغ نسیم

Aug 10, 2019

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف ڈاکٹر بیرسٹر فروغ نسیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر مسئلے کے حوالے سے خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جو مختلف سطح پر اپنا کردار ادا کررہی ہے یہ کمیٹی مشاورت سے بھارتی اقدام کے خلاف سفارتی اور دیگر اقدامات کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کرے گی۔بھارت نے اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور شملہ معاہدہ کی خلاف ورزی کی گئی ہے، پاکستان بھارت کے اس اقدام کے خلاف قانونی اور سفارتی سمیت تمام آپشن استعمال کرے گا، پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سے متعلق بھارت کا حالیہ اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں اور منشور کے خلاف ہے۔ اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق کوئی بھی ملک جبری طور پر کسی علاقے کا اپنے ساتھ الحاق یا انضمام نہیں کرسکتا۔ بھارت نے حالیہ اقدام سے اقوام متحدہ کی مذکورہ قرارداد کی خلاف ورزی کی ہے۔

مزیدخبریں