ایئر چیف کا کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کی بھر پور حمایت کا اعلان، یوم آزادی پر مبارکباد

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل مجاہد انور نے یوم آزادی کے موقع پر اہل وطن کو دلی مبارک باد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوںنے کہا کہ 14اگست ہمیں اپنے شاندار اسلاف کی طویل جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے اپنی انتھک محنت کی بدولت ایک جداگانہ ریاست کا حصول ممکن بنایا۔ تمام تر نا مساعد حالات کے باوجود بے لوث اور عظیم قربانیاں دیتے ہوئے وہ اپنے مقصد کے حصول کے لئے کوشاں رہے اور قائد اعظم محمد علی جناح کی فقید المثال قیادت میں بالآخر اپنی منزل مقصود پر پہنچ کر رہے ۔اس یادگار دن کو مناتے ہوئے ہمیں بجا طور پر فخر ہے کہ بطور قوم ہم آزمائش کی ہرگھڑی میں متحد رہے اور اپنی جانوں پر کھیلتے ہوئے ملکی خود مختاری پر حرف نہ آنے دیا۔ بلا شبہ ، حصولِ آزادی اور تحفظِ آزادی کی اس جہدِ مسلسل میں ہمارا غیر متزلزل عزم اور باہمی اتحاد ہی ہمارے دو مضبوط اور نا قابلِ تسخیر قلعے ہیں۔ یادر کھیں!ہم ایک زندہ قوم ہیں جو دنیا کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا کر ورطہ حیرت میں ڈال سکتی ہے۔ میں اس موقع پر پاک فضائیہ سے بھر پور تعاون، محبت اور عزت واحترام کے اظہار پر آپ سب کا ممنون ہوں، بالخصوص آپریشن ’’ سوئفٹ ریٹارٹ‘‘ کے دوران جس میں پاکستان ائیر فورس اس سال فروری میں ملکی سلامتی کو درپیش آزمائشوں میں ایک بار پھر قومی توقعات پر پورا اتری ہے۔ میں ایک با ر پھر آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ دیگر دفاعی اداروں کے شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے پاکستان ائیر فورس تمام اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے اور قومی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔ ہم اس موقع پرکشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی میں ان کی بھر پور حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ پاک فضائیہ جدید ترین آلات ِ حرب اور بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل عملے سے لیس ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے فرائض منصبی بخوبی ادا کرنے اور قومی توقعات کے عین مطابق دفاعِ پاکستان کی توفیق عطا فرمائے۔

ای پیپر دی نیشن