انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون بلے باز بابر اعظم نے انگلینڈ میں جاری ویٹالیٹی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں سینچری داغ دی۔گزشتہ روز سمرسٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے سلامی بلے باز نے اپنی بہترین فارم کا سلسلہ جاری رکھا اور55گیندوں پر پانچ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست سینچری اسکور کی۔بابر اعظم کی بہترین بلے بازی کی بدولت سمرسیٹ نے ہیمپشائر کو جیت کے لئے 202رنز کا ہدف دیا اور ان کے چار کھلاڑی آٹ ہوئے.جواب میں ہیمپشائر کا آغاز اچھا ثابت نہ ہو سکا اور12ویں اوور کے اختتام پر انہوں نے69رنز اسکور کئے جبکہ اس کے چھ کھلاڑی آٹ ہوئے، اس دوران بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا۔بابر اعظم اس وقت ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے کھلاڑی بھی بن چکے ہیں۔ انہوں نے42کی اوسط اور123کے اسٹرائیک ریٹ کی مدد سے8میچز میں425رنز بنا لیے ہیں۔بابر کے بعد آسٹریلین وکٹ کیپر بلے باز ڈارسی شارٹ کا نمبرآتا ہے جو ان سے99رنز کی دوری پر کھڑے ہیں۔سمرسیٹ ٹیم کے کپتان نے بابر کی عمدہ کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ پاکستانی بلے باز کیوں ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بلے باز ہیں۔انہوں نے کہا کہ بابر بقیہ تمام ٹیم سے ایک الگ ہی کرکٹ کھیل رہے ہیں جس طرح وہ صفائی سے شاٹ کھیلتے ہیں اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔