لاہور(نمائندہ خصوصی)لاہور کے علاقہ مصطفی آباد میں طیش میں فائرنگ کرکے نئے نویلے دولہے کو قتل جبکہ اس کے چھوٹے بھائی اور بہن کو زخمی کردیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزموں کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق ریحان پورہ مریدکے کے رہائشی 19 سالہ ثقلین کی شادی 5 اگست کو غازی آباد کی رہائشی رمشا مصطفی کے ساتھ ہوئی۔دولہا ثقلین عباس کے والد دلیل عباس کے مطابق ہفتہ کی رات وہ اہلخانہ اور عزیزواقارب کے ہمراہ غازی آباد مکلاوہ لینے گئے۔واپسی پر چنگ چی رکشہ پر سوار ثقلین کے گھر والوں پر بیجنگ انڈرپاس کے قریب دو موٹرسائیکل سوار وں نے فائرنگ کر دی، نتیجہ میں دولہا ثقلین موقع پر جاں بحق جبکہ اس کے بھائی حسین اور بہن علیشا زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کی تفتیشی ٹیم نے چند ہی گھنٹوں بعد ملزموں کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے ملزموں کی بروقت گرفتاری پر پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم شاہ میر نے عشق میں ناکامی پر ثقلین عباس کو قتل کیا۔