لاہور( کامرس رپورٹر) انٹر نیشنل فریٹ فارورڈرز ایسوسی ایشن (پیففا)کے چیئرمین اظہارالحق نے نئی پالیسی کے تحت شپنگ کمپنیز کو ٹیکس میں چھوٹ دینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت فریٹ فارورڈرز کیلئے بھی اسی طرز پر سہولت کا اعلان کرے ،کورونا وائرس کی وجہ سے فریٹ فارورڈز کا شعبہ انتہائی مشکلات سے دوچار ہے مطالبہ ہے کہ حکومت فضائی کارگو پر رعایتیں دے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے سیالکوٹ اور فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے فریٹ فارورڈرز کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ سمندر کے ذریعے فریٹ بڑھانے کیلئے اقدامات کرے اور اس کے لئے جہاز خریدے جائیں۔شپنگ کمپنیز اور جہاز رجسٹرڈ کرانے پر 2030 تک کسٹم ڈیوٹی سے چھوٹ اور پہلے برتھ دینے کا فیصلہ بہت بڑی سہولت ہے ،رجسٹرڈ جہازوں کے لئے سہولیات کے اعلان سے اس شعبے کو دستاویزی کرنے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پرائیوٹ انٹرپرائزز کا فریٹ ڈالر کے بجائے روپے میں چارج کرنے کا فیصلہ بھی خوش آئند ہے۔