کراچی(اے پی پی) سندھ کے وزیر برائے دیہی ترقی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور معدنیات و معدنی ترقی میر شبیر علی بجارانی نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا بنیادی ستون ہے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو حیدآباد شہر کے مختلف علاقوں کے دورے موقع پر جمع ہوجانے والے عوام سے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے لوگوں سے ان کے مسائل سنے اور ازالے کے لئے موقع پر احکامات بھی جاری کئے۔ واضح رہے کہ صوبائی وزیر میر شبیر علی بجارانی گزشتہ تینوں دن بروز جمعرات،جمعہ،ہفتہ اور اتوار کو وزیر اعلی سندھ کی ہدایات پر حیدرآباد ڈویڑن میں بارشوں کے دوران کئے گئے حکومتی امدادی اقدامات کی نگرانی کررہے ہیں۔اس دوران انہوں نے حیدرآباد ڈویڑن کے مختلف نالوں کی صفائی کا جائزہ لیا اور جن مقامات پر پانی رک رہا تھا ان مقامات پر فوری طورپر مشینری منگواکر چوکنگ پوائنٹس کو اپنی نگرانی میں کلیئر کرایا۔