بیروت دھماکے بحران شدید، وزیراطلاعات مستعفی: پرامن احتجاج کے حامی ہیں: امریکہ

Aug 10, 2020

بیروت‘انقرہ‘ واشنگٹن(اے پی پی‘ این این آئی) لبنان میں بیروت کے قیامت خیز دھماکے کے بعد مظاہرے جاری ہیں ۔سات سو سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، کئی مقامات پر سرکاری ملازمین کو یرغمال بھی بنایا۔عرب ٹی وی کے مطابق دارالحکومت میں سکیورٹی کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ کیا گیا ہے۔  بیروت اور دوسرے شہروں میں صدر میشل عون اور وزیراعظم حسان دیاب کے استعفے کے لیے سینکڑوں افراد نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا۔مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی جب کہ مظاہرین نے پولیس پر پتھراو کیا اور پٹرول بم پھینکے۔امریکہ نے لبنان میں حکومت مخالف مظاہروں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو اپنے حقوق کے لیے پرامن احتجاج کا حق حاصل ہے۔ان مظاہروں پر بیروت میں قائم امریکی سفارتخانے کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیاکہ امریکہ پرامن احتجاج کی حمایت کرتا ہے۔عوام کو اپنے جائز اور آئینی حقوق کے لئے آواز بلند کرنے کا حق ہے۔لبنان کی وزیر اطلاعات منال  صمدمستعفی ہو گئیں۔انہوں نے شہریوں سے معذرت کی کہ حکومت دھماکے نہ روک سکی۔لبنان کی مالی امداد کے لئے فرانس کی زیر قیادت ڈونر کانفرنس ہوئی، پوپ فرانسس نے عالمی برادری سے لبنان کی مزید امداد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزیدخبریں