مسجد وزیر خان میں ناچ گانے کے ذمہ داروں کو گرفتار کیا جائے‘ شجاعت‘ پرویز الٰہی

Aug 10, 2020

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسجد وزیر خان میں گانے کی ویڈیو فلمانے کے معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ق کے قائدین چودھری برادران نے کہا ہے کہ صد افسوس ابھی تک اس کا ارتکاب کرنے والے آزاد ہیں۔ نجی چینل کے مطابق چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اسلام کے نام پر لاکھوں قربانیاں دے کر یہ ملک حاصل کیا اس لئے قائم کیا گیا تھا کہ یہاں مساجد میں رقص و سرود ہو؟ مساجد میں کتنی دیدہ دلیری سے ناچ گانا ہو رہا ہے جو کہ شریعت کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ق کے قائدین نے مطالبہ کیا کہ مسجد وزیر خان میں ناچ گانے کے تمام ذمہ داروں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی ناپاک جسارت نہ کر سکے۔ انہیں قرار واقعی اور مثالی سزا دی جائے۔ اس سانحے کے ذمہ داروں کو فوری طور پر گرفتار کر کے مقدمہ چلایا جائے۔ چودھری شجاعت اور چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے سرعام ایسا کرنے اور اس کی اجازت دینے والوں کو ابھی تک پکڑ کر جیل میں نہیں ڈالا گیا۔ مسجد وزیر خان میں ناچ گانے کی قبیح حرکت کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ افسوس صد افسوس‘ مسجد وزیر خان کا تقدس پامال کرنے والے ابھی تک آزاد ہیں۔

مزیدخبریں