ٹرانسپرنسی‘ اقتصادی فورم‘ پلڈاٹ‘ مشال نے بدعنوانی کیخلاف نیب کی کوششوں کو سراہا: جاوید اقبال 

اسلام آباد (نامہ نگار)  چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب اقوام متحدہ کی بدعنوانی کے خلاف کنونشن یو این سی اے سی کے تحت فوکل پرسن ہے،عالمی اقتصادی فورم، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان، پلڈاٹ اور مشال پاکستان نے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے نیب کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔نیب اعلامیے کے مطابق انہوں نے کہا کہ نیب اقوام متحدہ کی بدعنوانی کے خلاف کنونشن یو این سی اے سی کے تحت فوکل پرسن ہے جبکہ پاکستان نے یو این سی اے سی پر دستخط کر رکھے ہیں۔نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے جو کہ اس کی انسداد بدعنوانی کی قومی حکمت عملی، آگاہی تدارک اور انفورسمنٹ پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  نیب ملک میں انسداد بدعنوانی کا ادارہ ہے جس نے چین کے ساتھ سی پیک کے منصوبوں کے تناظر میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ سروے کے مطابق 59فیصد لوگ نیب پر اعتماد رکھتے ہیں۔ نیب سارک اینٹی کرپشن فورم کا چیئرمین ہے۔ نیب سارک ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے نوجوانوں کو اوائل عمری میں بدعنوانی کے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے ہائیرایجوکیشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ ملک بھر کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کرادار سازی کی انجمنیں قائم کی گئی ہیں۔ نیب نے میگا کرپشن مقدمات کو نمٹانے پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔  انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 466.069ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں ۔  انہوں نے کہا کہ نیب کو 2019میں 53ہزار 643شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 42ہزار 760کو نمٹا دیا گیا ہے جبکہ 2018میں نیب کو 48ہزار 591 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 41ہزار 414کو نمٹایا گیا۔ شکایات میں اضافہ سے نیب پر عوام کے اعتماد کا اظہارہوتا ہے۔ نیب نے 2019کے دوران 1308شکایات کی جانچ پڑتال کی، 1686انکوائریوں اور 609انویسٹی گیشن کو نمٹایا جبکہ 2019میں بدعنوان عناصر سے 141.542ارب روپے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے گئے۔

ای پیپر دی نیشن