خیبر پی کے: شہریوں نے شجرکاری مہم کے فوری بعد پودے اکھاڑ پھینکے 

Aug 10, 2020

پشاور(نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے ضلع خیبر میں شجر کاری مہم کے افتتاح کے فوری بعد شہریوں نے پودے اکھاڑ پھینکے۔پاکستان شجر کاری مہم میں گورنر کے پی اور وزیراعلیٰ سمیت تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی پودے لگا رہے ہیں۔اسی حوالے سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے بھی شجرکاری مہم کا افتتاح کیااور علاقہ منڈی کس باڑہ میں درجنوں پودے لگائے۔شجرکاری مہم کی تقریب کے فوری بعد مقامی افراد نے رکن قومی اسمبلی کی جانب سے لگائے گئے پودے اکھاڑ پھینکے اور شکایت کی کہ ان کی اراضی پر زبردستی شجر کاری کر دی جاتی ہے۔ایم این اے اقبال آفریدی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ منڈی کس باڑہ کی اراضی مقامی افرادکی ملکیت ہے اور مقامی افراد بلا اجازت شجر کاری مہم پر ناراض تھے لیکن ان سے مذاکرات کی کوششیں کر رہے ہیں۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر محمود اسلم نے بتایا کہ منڈی کس میں شجرکاری مہم سپاہ قبیلہ کی اراضی پر کی گئی تھی، سپاہ قبیلے کی اراضی پر دوفریقین میں تنازع ہے، ایک فریق کے شجرکاری کی اجازت دینے پر دوسرے فریق نے پودے اکھاڑے، قانونی کارروائی کے لیے جائزہ لے رہے ہیں۔

مزیدخبریں