اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی)وزیر اعظم عمران خان نے اتوار کو ملک گیر شجر کاری مہم 2020 کا افتتاح کر دیا ہے یوم ٹائیگر کے سلسلے میں اسلام آباد میں ایک تقریب منعقد ہو ئی جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسم کی تبدیلی کی وجہ سے گندم کی پیداوار میں ایک ملین ٹن کی کمی ہوئی ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس نے ایک دن میں 35 لاکھ درخت لگائے یہ پاکستان میں ریکارڈ ہے جبکہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو ہرا کرنے کی پوری کوشش کریں اور جہاں کوئی خالی جگہ دیکھیں وہاں درخت لگائیں۔کرونا وائرس سے متعلق گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستا ن دنیا کے ان ممالک میں شامل ہیں جہاں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی مدد سے وبا کو پھیلنے سے روکا اور دنیا بھر میں پاکستان کی حکمت عملی کی تعریف کی گئی۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 'کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی کے لیے انتظامیہ اور ٹائیگر فورسز کے رضاکاروں کا غیرمعمولی کردار ہے جو لائق تحسین ہے'۔انہوں نے این سی او سی کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ابھی بھی وبا ختم نہیں ہوئی اس لیے جب بھی گھر سے باہر نکلیں تو چہرے پر ماسک ضرور پہن لیں۔عمران خان نے کہا کہ 'کرونا کے کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے، اللہ نے بہت کرم کیا ہے اس لئے جو لوگ بغیر ماسک پہننے گھر سے نکل رہے ہیں، وہ اللہ کے فضل کی ناشکری کررہے ہیںانہوں نے محرم الحرم کے حوالے سے کہا کہ 'محرم میں احتیاط کی بہت ضرورت ہے، کہیں بے احتیاطی کرکے ہم مزید مشکل میں نہ پڑ جائیں وزیر اعظم نے کہا کہ ٹائیگر فورس اب ٹڈی دل سے نمٹنے، شجر کاری میں معاونت کرے گی وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ درخت لگانا آنے والی نسلوں کیلئے جہاد کا درجہ رکھتا، موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ملکوں میں پاکستان کا نمبر 8واں نمبرہے،اللہ نے ہمیں یہ طاقت دی ہے کہ ہم موسمیاتی تبدیلی سے نمٹ سکتے ہیں، پاکستان میں شدید گرمی کی وجہ سے بہت اثرات آئے ہیں۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ گرمی بڑھی،گلشیئر پگھلتے رہے تو ہمارے علاقے ریگستانوں کی شکل اختیار کرلیں گے،ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کو مشکل سے نکالیں۔عمران خان نے کہا کہ درخت اورجنگلات ختم کرنے سے ملک کو شدید نقصان پہنچا،ہم سب کی ذمہ دار ی ہے کہ پاکستان کو ہرا بھرا کریں، یہ جنگ لمبی چلے گی مگر شکر ہے کہ ہم نے یہ راستہ چن لیا ہے،شہروں میں بھی کوئی ایسی جگہ نہیں چھوڑنی جہاں درخت نہ ہوں۔وزیراعظم نے کہا کہ لاہور کے ساتھ نیا شہر بنانے جا رہے ہیں جو راوی کو بھی زندہ کریگا،دریائے راوی دیکھتے ہی دیکھتے گندا نالہ بن گیا،راوی میں سردیوں میں گندگی ہوتی ہے۔ہم نے اپنے ملک کوصاف کرنا ہے، دریائوں کا براحال ہے،لوگوں نے کرونا کیخلاف جہاد کر کے ملک کو موذی وائرس سے محفوظ بنانے میں کردار ادا کیا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے کہا کہ مہم میں ٹائیگر فورس کے رضاکار، ممبر قومی و صوبائی اسمبلی حصہ لیں گے ساتھ ہی انہوں نے اپوزیشن اراکین کو بھی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی مہم میں معاونت کی پیشکش کی۔اس خصوصی مہم کا صوبہ پنجاب اور خیبر پی کے میں باضابطہ آغاز کردیا گیا ہے جبکہ اس میں غیر ملکی سفرا نے بھی حصہ لیا۔اسلام آباد میں موجود کینیڈا کی ہائی کمشنر، ترک سفیر مصطفی یرداکل، یمن کے سفیر ایم الشابی، چین کے سفیر یاؤ جنگ اور آذر بائیجان کے سفیر علی علیزادہ نے اپنے اپنے سفارتخانوں میں پودا لگا کر مہم میں حصہ لیا۔اس موقع پر ترک سفیر نے کہا کہ ہم وزیراعظم کی 10 بلین ٹری سونامی مہم کا ہمیشہ سے حصہ ہیں۔چینی سفارتخانے کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ 2 سال کے عرصے میں سفارتخانے نے احاطے میں 500 درخت لگائے ہیں۔ادھر آذر بائیجان کے سفیر علی علیزادہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر پاکستان بھر میں درختوں کی شجرکاری مہم میں حصہ ڈال کر خوشی ہوئی۔وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پودے لگانے کیلئے میری کال پر لبیک کہنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں‘ ملک بھرمیں لوگوں کی بڑی تعداد شجر کاری مہم کیلئے نکلی ٹائیگر فورس‘ نوجوانوں‘ بزرگوں نے بڑی تعداد میں پودے لگائے۔لاہور سے خصوصی نامہ نگارکے مطابق ٹائیگر فورس شجرکاری ڈے کے موقع پر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور کے زیر اہتمام جیلانی پارک میں شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلہ میں ارکان اسمبلی صحافی، سیاسی و سماجی شخصیات اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے پودے لگائے۔ کرنل مظفر ونگ کمانڈر، ارکان اسمبلی سعدیہ سہیل ، نیلم حیات ، سٹیج و ٹی وی کے کے اداکار افتخار ٹھاکر اور فلمسٹار میگھا نے بھی جیلانی پارک میں پودا لگایا۔ اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے جواد احمد قریشی‘ انجینئر یاسر گیلانی، وائس چیئرمین حافظ ذیشان بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فرازنے کہاہے کہ درخت لگانا حضرت محمدخاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتِ مبارکہ ہے۔اس نیک کام میں شریک ہو کر وزیراعظم عمران خان کے شجر کاری منصوبے کو کامیاب بنائیں۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو اپنے ٹویٹ میں کہی۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے بے گھر افراد خصوصا مزدور طبقے کو پناہ گاہوں میں باعزت اور معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پناہ گاہوں میں موجود عملے کی تربیت کے ساتھ ساتھ پناہ گاہوں میں دستیاب سہولیات کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے انہوں نے یہ بات پناہ گاہوں کے پروگرام کو معیاری سہولتوں سے آراستہ کرنے اور پائیدار بنیادوں پر چلانے کے لئے اٹھائے جانے والے عملی اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جواتوار کو وزیراعظم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کی پناہ گاہوں کو مجوزہ تنظیمی ڈھانچے کی روشنی میں ماڈل پناہ گاہیں بنانے کے حوالے سے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے صوبوں کی پناہ گاہوں میں پائیدار نظام اور معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کوارڈینیشن کو مزید موثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔وزیر اعظم عمران خان نے غریب، نادار اور مزدور طبقے کو پناہ گاہوں میں باعزت طریقے سے چھت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی ماڈل پناہ گاہوں کا دائرہ کار بتدریج دوسرے صوبوں تک بڑھایا جائے گا۔مزید برآں سربراہ ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنوں کی گرفتاریوں پر بات چیت کی وزیراعطم نے آئی جی سندھ اور وزیرداخلہ سے رپورٹ طلب کر لی۔